سیالکوٹ،7ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ان کا یہ دورہ دو طرفہ تجارت وسرمایہ کاری کو فروغ دینا اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے سیالکوٹ چیمبر آمد پر معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔سیالکوٹ کی تاجر برادری کے ساتھ ہونے والی اس اہم میٹنگ میں صدر چیمبر کے علاوہ نائب صدر سیالکوٹ چیمبر عامر مجید شیخ اور دیگر اراکین ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے دو طرفہ باہمی تجارت پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ وہ دونوں اطراف کے تاجروں کو آپس میں جوڑنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے جس کے نتیجے میں ملائیشیا کے ساتھ پاکستان کےاقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے، فٹ بال بنانے میں سیالکوٹ کا کوئی ثانی نہیں ہے، سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کو ملائیشیا میں بہت اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت سپیشل انوسٹمنٹ کے تحت پاکستان سے مل کر محتلف شعبوں میں کام کرنا چاہتی ہے جس میں زراعت ، توانائی، آئی ٹی ، کاسمیٹکس اور حلال فوڈ شامل ہے،انہوں نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کا پولیٹیکل اسٹریٹجک پارٹنر ہے ، پاکستان کا مسئلہ سکیورٹی جیسے حالات نہیں ہیں بلکہ یہ پاکستان کے خلاف سکیورٹی کے نام پر منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان ایک پر امن اور تجارت و معیشت کے اعتبار سے ایک بہتر منڈی ہے ۔ملائیشین ہائی کمشنرنے کہا کہ ملائیشین حکومت ٹورازم پر پاکستان کے ساتھ مل کر ٹور ازم کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ نئی جگہیں دریافت کی جا سکیں۔محمد اظہر بن مزلان نے خواتین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حواتین کے لیے ملائیشیا میں کاسمیٹکس میں بہت زیادہ ترقی کے مواقع میسر ہیں جس سے پاکستانی خواتین استفادہ حاصل کر سکتی ہیں ۔ ملائیشا پاکستان بزنس کونسل کوالالمپور میں تجارت و معیشت کے فروغ اور مضبوط اقتصادی تعلقات کے لیے کام کر رہی ہے۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے کہا کہ انہوں نےکہا کہ بی 2بی تعلقات، جوائنٹ وینچرز کے امکانات کی تلاش، ملائیشیا کی مارکیٹ میں سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کی کھپت، دونوں ممالک کے تجارتی اداروں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، ویئر ہاؤسز کی تعمیر،سنگل کنٹری تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلہ سمیت دیگر آپشنز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہ سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات بشمول کھیلوں کا سامان، کھیلوں کا لباس، سرجیکل، مینی کیور اور پیڈی کیور انسٹرومنٹس، ہر قسم کی قینچی ،چمڑے کے ملبوسات، گلوز، مارشل آرٹس، سپورٹس شوز، آلات موسیقی، ملبوسات، ٹیکسٹائل گارمنٹس وغیرہ کوالٹی اور پائیداری کے اعتبار سے کسی بھی غیر ملکی برانڈ کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔











