مری ؛سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کا تھری ڈی سنی کوہسار سینما و میوزیم آرٹ گیلری کا افتتاح

21

مری،08 ستمبر(اے پی پی ): سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب علی نواز ملک کی آرٹس کونسل مری میں آمد، تھری ڈی سنی کوہسار سینما اور میوزیم و آرٹ گیلری کا افتتاح کر دیا۔

 اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ تھری ڈی سینما مری کے سیاحتی مقام میں بہترین تفریح مہیا کرے گا،تین سو نشستوں پر مشتمل تھری ڈی سینما تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہے،چھ برسوں سے سینما بند تھا ، ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر ضائع ہو رہی تھی۔

علی نواز ملک  نے کہا کہ سینما کا آغاز مری میں پرانا عوامی مطالبہ تھا جو آج پورا ہو گیا ہے، سینما میں ویک اینڈ پر تین شو اور روزانہ دو سو منعقد ہونگے، فنکاروں اور ڈرامہ رائیٹرز کی مشاورت سے ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم کی جا رہی ہیں،میوزیم و آرٹ گیلری سے مری کے فنکاروں اور آرٹسٹوں کو اپنے فن کے اظہار کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مری سیاحتی مقام ہونے کے علاوہ اپنی ایک پوری تاریخ رکھتا ہے یہاں سیاحت کے ساتھ ساتھ مثبت تفریح اور آرٹ و کلچر کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، میوزیم میں مزید نوادرات کا اضافہ کریں گے ،مری اور پوٹھوہار کی تاریخ کا مرکز بنائیں گے ،میوزیم میں گندھارا آرٹ و کرافٹ کی نادر و نایاب اشیاءکا اضافہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب کونسلز آف آرٹس ڈاکٹر سید بلال حیدر، ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر مری آرٹس کونسل محمد شکور کے علاوہ  مختلف فنون سے تعلق رکھنے فنکار بھی موجود تھے۔