احمد پور شرقیہ؛ریجن بہاولپور کے زیر اہتمام ایس ایس اے اور پی ایس اے کی بھرتیوں کیلئے تحریری امتحان کا انعقاد

12

احمد پور شرقیہ،08 ستمبر(اے پی پی ): آرپی او رائے بابر سعید کی زیر نگرانی ریجن بہاولپور پولیس کے زیر اہتمام پولیس لائنز بہاولپور میں ایس ایس اے ،پی ایس اے کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان لیا گیا۔

ریجن بہاولپور کے اضلاع بہاولپور ،بہاولنگر اور رحیم یار خان کے تھانہ جات میں فرنٹ ڈسک آپریٹر کی خالی آسامیوں پرپی ایس اے، ایس ایس اے کی بھرتیوں کیلئے آئے امیدواران کا تحریری امتحان بابر سعید کی زیر نگرانی لیا گیا جس میں بطور PSAبھرتی ہونے کیلئے 495 امیدواران نے اورSSAکے لئے 61 امیدواران نے تحریری امتحان دیا،اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس ،ایس ایس پی آر آئی بی نوید ارشاد بھی موجودتھے۔

آرپی او بہاولپور رائے بابر سعید کی ہدایت پر ضلع بہاولنگر اور ضلع رحیم یار خان کے امیدواران کو پولیس لائنز بہاولپور میں بنائے گئے امتحانی مرکز میں لانے کیلئے پولیس کی جانب سے مفت سفری سہولت بھی فراہم کی گئیں۔

میرٹ و شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے امتحانی مرکز میں 12سے زائد ویڈیو کیمرے لگائے گئے۔آرپی او بہاولپور رائے بابر سعید کی جانب سے تشکیل شدہ ٹیموں نے بھی تحریری امتحان کے عمل کی نگرانی کی۔ آرپی او بہاولپور رائے بابر سعید نے امتحان کیلئے آئے امیدواران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھرتی مروجہ قوانین اور طریقہ کار کے مطابق سو فیصد میرٹ پر ہوگی، اس لئے ہر امیدوار اپنی محنت اور لگن سے تمام مراحل طے کرے، کسی فراڈیئے اور دھوکہ باز کی باتوں میں نہ آئیں اور نہ ہی ایسے منفی عناصر کے چنگل میں پھنسیں بلکہ ایسے لوگوں کے بارے میں فوری ہمیں آگاہ کریں تاکہ ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔