ملتان،09 ستمبر(اے پی پی): ہائر ایجوکیشن کمیشن کے وفد نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ایچ ای سی کے مروجہ معیارات کے مطابق یونیورسٹی کے شعبہ جات کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کرنا تھا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے وفد کے اراکین کو خوش آمدید کہا اور بعد ازاں وفد کو نشتر سٹاف کلب میں شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ کلینیکل اور بیسک سائنسز کے سربراہان نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں جاری تعلیمی وتدریسی سرگرمیوں سمیت فیکلٹی کو درپیش چیلنجز بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں جاری مختلف پوسٹ گریجویٹ اور ڈپلومہ کورسز کے حوالے سے بھی وفد کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور مہیا کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی، پروفیسر ڈاکٹر نسرین قیصر، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان، پروفیسر ڈاکٹر سلیم شیخ ، پروفیسر ڈاکٹر کامران صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش، پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار انجم، پروفیسر ڈاکٹر امجد باری اور ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر فواد خاکوانی سمیت پرنسپل کالج آف نرسنگ اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران بھی اس موقع پر وفد کے ہمراہ موجود تھے۔











