ملتان،09 ستمبر(اے پی پی):طلبہ و طالبات کی ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے لاسال ہائیر سیکنڈری سکول میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے لاسال ہائیر سیکنڈری سکول پرامن پاکستان تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رنگ برنگے غباروں سے آسمان سج گیا اور ،حاضرین کی تالیوں سے پنڈال گونج اٹھا،تقریب میں امن کے سفیر کبوتر آزاد فضاؤں میں اڑائے گئے جبکہ طلباءو طالبات نے تائیکوانڈو، پی ٹی کے مختلف مظاہرے پیش کئے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے سکول ایڈمنسٹریشن، اساتذہ، والدین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔انہقں نے کہا کہ صحت مند جسم صحت مند ذہن کا ضامن ہے، تعلیم صرف درسی کتب نہیں، ہم نصابی سرگرمیاں اس کا اہم جزو ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاسال ہائیر سیکنڈری سکول مربوط نظام کے تحت قوم کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔
برادر قمر اقبال نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہماری زندگی کا حصہ ہے، لاسال تعلیمی سسٹم دنیا بھر میں کئی دہائیوں سے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
بعد ازاں تقریب میں تعلیمی بورڈ، ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباءو طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔وائس پرنسپل سیمیول سردار ، اساتذہ ،والدین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔











