اوکاڑہ؛پہلی خاتون ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جزیلہ اسلم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

24

اوکاڑہ،12ستمبر(اے پی پی)ڈسٹرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تعینات، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جزیلہ اسلم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کی جانب سے جزیلہ اسلم کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا، ہال میں پہنچنے پر جزیلہ اسلم کا پرتپاک استقبال کیا گیا،مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ، صدر بار میاں طلعت محمود، جنرل سیکرٹری جنید اقبال کھچی نے گلدستے پیش کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر بار میاں طلعت محمود ، جنرل سیکرٹری جنید اقبال کھچی نے انہیں اوکاڑہ تعیناتی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ کے درمیان مثالی تعلقات ماضی میں بھی رہے ہیں اور آئندہ بھی اس کے لیے کوشاں رہیں گے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جزیلہ اسلم نے ممبران بار کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام اور سائل کی دادرسی کے لیے بھر پور اقدامات کیے جائیں گے۔