کنگ سلمان ریلیف سینٹر کیجانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی پیکچ تقسیم

48

اسلام آباد،13ستمبر  (اے پی پی):کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے پاکستان کے تمام صوبوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے تعاون سے چار مرحلوں میں پاکستان میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کا آغازکیا تھا، اس پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں کنگ سلمان ریلیف سنٹر نے خیبر پختونخوا کے زیریں اور بالائی چترال اور دیرکے  سیلاب سے متاثرہ افراد میں مقامی حکومت کے تعاون سے 12,000 فوڈ پیکیج تقسیم کئے۔

اس دوسرے مرحلے کے دوران کنگ سلمان ریلیف، پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ اور بہاولنگر میں سیلاب متاثرین میں 4,400 فوڈ پیکجز،صوبہ سندھ کے ضلع سجاول اور دادو میں 5,000 فوڈ پیکجزکی تقسیم بھی جاری ہے  جبکہ بلوچستان میں خاران، صحبت پور اور واشوک میں 11,000 فوڈ پیکجز تقسیم کئے جا‏ئیں گئے ۔

توقع ہے کہ اس اقدام سے پاکستان بھر میں 32400 فوڈ پیکجز تقسیم کرکے کل 226,800 افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ اس فوڈ پیكیج میں تمام تر ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ ایک فوڈ پیکٹ 95 كلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 80 كلو فائن آٹا، 5 كلو گرام دال چنا، 5 لٹر كوكنگ آئل اور  5كلو گرام چینی شامل ہیں۔

 یہ پروجیکٹ مملکت سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے تحت پاکستان میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی زیر نگرانی ضرورت مند افراد میں شفاف طریقے سے مقامی حکومت کے تعاون سے پائے تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔