میرپورخاص،13 ستمبر(اے پی پی): ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود کے ہمراہ پرانے سول ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ہے ۔
ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے پرانے سول ہسپتال میں بچوں کے غذائی وارڈ ، بچوں کے نرسری وارڈ ، ڈائیلاسز وارڈ ، گائنی وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں امراض قلب وارڈ، سرجری وارڈ، ایمرجنسی وارڈ اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا ۔
اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ دورے کا مقصد عام لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے سول سرجن کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صحت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بھی یقینی بنایا جائے ۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، اس ضمن میں محکمہ صحت کے افسران کو مکمل رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صحت شعبے کے جو بھی مسائل ہیں وہ میڈیا کی نشاندہی سے مل کر حل کیے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں نصب سولر سسٹم کو فعال بنانے کے لیے سیکریٹری انرجی سے بات کی جائے گی جبکہ میرپورخاص کے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر عبدالشکور جروار ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جئے رام داس ، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ہیمجی چوہان ان کے ہمراہ تھے ۔











