تھرپارکر ؛ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس

41

تھرپارکر، 13 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ  کمیٹی کا پہلا اجلاس ڈی سی کانفرنس ہال تھرپارکر میں منعقد ہوا۔

 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا کہنا تھا کہ یہ ایک قومی مہم ہے اس میں کمی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ بجلی چوری جیسے سنگین جرم کا خمیازہ بل دینے والی عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بجلی چوروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے اور انکے کنکشن فوری طور پر منقطع کردئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن میں حیسکو حکام کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت بھی حاصل ہوگی جس کہ بعد کریک ڈاؤن کے واضح نتائج نظر آنے چاہیں۔

 اس موقع پر ایکسیئن حیسکو عمران اعوان کا کہنا تھا کہ ابتک ضلع میں بجلی چوروں کے خلاف چھ ایف آئی آر درج کرائی جا چکی ہیں جبکہ آج سے مہم میں مزید تیزی آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کی ریکوری 95 فیصد تک ہے جبکہ ٹیکنیکل لائن لاسز 10 فیصد تک ہوتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ ضلع میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی نہایت کم ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی تھرپارکر علی مردان کھوسو کا کہنا تھا کہ بجلی کی چوری پکڑی جانے کی صورت میں تصاویر لی جائے اور متعلقہ اشیاء کو قبضے میں کیا جائے تاکہ وقت ضرورت ان چیزوں کو معزز عدلیہ کے سامنے ثبوتوں کے طور پر پیش کیا جاسکے۔

 اس موقع پر بجلی کی ممکنہ چوری کی روک تھام کے حوالے سے جامع پلان بنانے اور اس ضمن میں کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔