گوجرانوالہ،18 ستمبر(اے پی پی):چیف ایگزیکٹو انجینئرمحمد ایوب گیپکوکے مطابق ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپورکریک ڈاﺅن گیارہویں روز بھی جاری ہے۔ آپریشن ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی مدد سے گیپکو سرویلنس ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک 611 بجلی چور پکڑے گئے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والے بجلی چورروں کو4 کروڑ 70لاکھ روپے سے زائدکے جرمانے عائد کئے گئے ہیں، ان تمام کے خلاف مقدمات کے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کرنیوالوں کوگیپکو کی جانب سے13لاکھ 56ہزار سے زائدیونٹس کے ڈیٹی کیشن بلز ڈالے گئے ہیں، چیف گیپکو کے حکم پر اب تک پولیس نے 503 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو انجینئرمحمد ایوب نے محکمہ گیپکو کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری میں اور سہولت کاری میں ملوث ملازمین کے خلاف بھی مقدمات درج کروا کے نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ افسران بجلی چوری والے خطرناک علاقوں کی نشاندہی کریں اور لسٹیں تیار کر کے لا انفورسمنٹ ایجنسی کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ملک دشمن عناصر کے خلاف بھر پور کاروائیاں عمل میں لائی جاسکیں۔











