وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر ڈاکٹر سرفراز علی کا محکمہ معدنیات کی منرل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ

51

پشاور، 20 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے معدنیات اور ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے محکمہ معدنیات کی منرل ٹیسٹنگ لیبارٹری حیات آباد پشاور کا دورہ کیا۔  جہاں کے انچارج ظہور احمد نے صوبائی مشیر کو لیباٹری کے مختلف سیکشنز کا دورہ کرایا اور بریفنگ بھی دی۔

  صوبائی مشیر نے پائلٹ کاپر پلانٹ، ائرن پلانٹ، کرومائٹ پلانٹ انٹیمونی اور گولڈ پراسیسنگ پلانٹس کا دورہ کیا ۔انہوں  نے عمارات کی خستہ خالی، مشینوں کی ناقص صفائی اور غیر فعالیت پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ تمام مشینوں کو فوراً فعال کریں اور عمارات کی تعمیر و مرمت کیلئے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹسٹنگ کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات لیبارٹری میں مہیا کریں۔

ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے ہدایت کی کہ سٹاف کی کمی بارے فوراً لسٹ بھیج دیں تاکہ سٹاف کی کمی کو پورا کیا جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اگلے دورے تک لیباٹری میں واضح تبدیلی اور بہتری نظر آنی چاہئے۔ انہوں  نے کہا کہ لیبارٹری سٹاف کی تربیت کیلئے بھی اقدامات کریں۔

صوبائی مشیر نے لیباٹری کے دوسرے سیکشنز کاپر، آئرن، لائم سٹون، سوپ سٹون اور کوئلے کی ٹسٹنگ کروانے والے لیبز اور منرل پراسیسنگ سیکشن، جیالوجیکل سیکشن اور جمالوجیکل سیکشنز کا بھی معائنہ کیا۔