زیارت ، 21ستمبر(اے پی پی ): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو زیارت ڈویلپمنٹ پیکج سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر اعلیٰ کی جانب زیارت ڈویلپمنٹ پیکج پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیاگیا ۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ لینڈ ایکیوزیشن کرکے فوری طور پر ڈویلپمنٹ پیکج کے ماسٹر پلان پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے اور زیارت کے سیاحتی مقامات میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انفرا اسٹریکچر بہتر بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے اور مقامی قبائل میں بھائی چارے کی فضا کے لئے انتظامیہ مثبت پیشرفت کرے، زیارت ڈویلپمنٹ پیکج اور ماسٹر پلان میں ترقیاتی منصوبوں میں کام کے اعلیٰ معیار کو پر صورت برقرار رکھا جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ زیارت ڈویلپمنٹ پیکج اور ماسٹر پلان منصوبے کی پیش رفت پر ہفتہ وار رپورٹ دی جائے ۔