گوجرانوالہ،23ستمبر(اے پی پی): پاور ڈویژن کی ہدایت پر گیپکو کا ضلع بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری، مزید60بجلی چور پکڑے گئے، کل797 کے خلاف مقدمہ درج، 32بجلی چور گرفتار، بجلی چوروں پر 6کروڑ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
7ستمبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں تمام سرکل سے 871 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پکڑے گئے،45 زمیندار بھی کنڈے لگا کر بجلی چوری کرتے پائے گئے، 8انڈسٹریل،32کمرشل اور 786گھریلو صارفین ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے قابو آ گئےجبکہ 871ملوث افراد کے کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہیں ہیں۔
بجلی چوری میں پکڑے جانے والے 871بجلی چوروں کو 20لاکھ 38ہزار یونٹس کی مد میں 7کروڑ 42لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کر دیئے گئے ہیں ۔
اس حوالے سے گیپکو چیف کا کہنا تھا کہ بجلی چورورں کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،ایک لاکھ روپے سے زائد کے عادی اور بڑے نادہندگان کی لسٹیں ریکوری تحصیلداروں کو جاری کر دی گئی ہیں اور بجلی چور اوربلوں کے واجبات ادا نہ کرنے والے دونوں ہی ملکی معیشت کیلئے دیمک کی طرح ہیں اور ان کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،ان دونوں کا بوجھ بھی دوسرے صارفین کو اُٹھانا پڑتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو گیپکو نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اپنے واجبات بروقت ادا کریں اورشہری ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں، بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی معزز صارفین کو بجلی کی سستی، معیاری اورمسلسل فراہمی ممکن ہے۔











