کراچی ؛ساتویں سٹوڈنٹس اولمپک گیمز رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

26

کراچی،25ستمبر(اے پی پی): ساتویں سٹوڈنٹس اولمپک گیمز رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں ۔ ساتویں سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کی ٹائٹل کیٹیگری اے لیولز کی جنرل ٹرافی ہائی برو کالج نے جیت لی، ہائی برو کالج نے 2800 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ او لیولز میں سی اے ایس سکول 2600 پوائنٹس لیکر پہلے نمبر پر رہا جبکہ ہیپی ہومزسکول چھٹی جماعت سے آٹھویں جماعت کے مقابلوں میں 2150 پوائنٹس لیکر جنرل ٹرافی کا حقدار ٹھہرا۔ یونیورسٹیز کے دو کھیلوں کیچ بال اور تھرو بال کے مقابلوں میں جامع کراچی نے کامیابی حاصل کی۔

 ساتویں سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کی اختتامی تقریب پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان روک بال فیڈریشن کے چیئرمین سعید آرائیں تھے جنہوں نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ ساتویں سٹوڈنٹ اولمپک گیمز میں شامل 18 کھیلوں کی فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر سعید آرائیں نے کہا کہ صحت مند جسم کیلئے صحتمند دماغ کا ہونا ضروری ہے ،یہ تب ہی ممکن ہے جب نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے اور کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں، انکی نظر میں پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں بنیادی سطح پر کھیلوں کو فروغ دیا جاتا ہے ، پرائمری سے لیکر یونیورسٹیز کی سطح کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، 10 روزہ گیمز میں 100 سے زائدسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے ساڑھے چار ہزار طلبہ و طالبات کی شرکت ان کھیلوں کی کامیابی کی غمازی کرتے ہیں مجھے امید ہے مستقبل قریب میں اسکی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔