لودھراں، ملتان روڈ منصوبے پر عملی پیش رفت، 51 کلومیٹر سڑک تعمیر و بحال ہوگی

2

ملتان ,05 ستمبر )اے پی پی ): لودھراں، ملتان روڈ منصوبے پر عملی پیش رفت شروع ہوگئی ہے، منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 51 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت، یوٹیلٹیز کی منتقلی اور تعمیراتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ طویل عرصے سے خراب لودھراں، ملتان روڈ کی تعمیر و بحالی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔ وہ منصوبے کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور ملتان، وہاڑی روڈ منصوبے کی طرح لودھراں، ملتان روڈ کے کام کا بھی تسلسل سے جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے واضح ڈیڈ لائن مقرر کی جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ بجلی کے کھمبوں، گیس لائنوں، آپٹیکل فائبر اور کیمرا پولز سمیت دیگر یوٹیلٹیز کی منتقلی کا عمل بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر نے تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، مناسب ڈائیورژن اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے ساتھ تعمیراتی مقامات پر گردوغبار کے خاتمے کے لیے باقاعدگی سے پانی کے چھڑکاؤ کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق لودھراں، ملتان روڈ منصوبہ دو پیکیجز پر مشتمل ہے۔ لودھراں سے بستی ملوک تک 29 کلومیٹر جبکہ بستی ملوک سے ملتان تک 22 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ پیکیج ون میں روڈ کی اپ گریڈیشن جبکہ پیکیج ٹو میں سڑک کی بحالی، سائیڈ ڈرین اور نیو جرسی بیریئرز کی تعمیر شامل ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیکیج ون پر کنٹریکٹر موبلائز ہوچکا ہے جبکہ کیمپ آفس اور میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی قائم کردی گئی ہے۔ منصوبے پر سروے، سکارفیکیشن، سب بیس، ایگریگیٹ بیس کورس سمیت دیگر تعمیراتی کام جاری ہیں۔پیکیج ون کی تعمیراتی حدود میں آنے والے 52 بجلی کے کھمبوں میں سے 20 جبکہ پیکیج ٹو کے 139 کھمبوں میں سے 71 بجلی کے کھمبے منتقل کیے جاچکے ہیں۔اجلاس میں ملتان اور لودھراں کے ضلعی افسران، واسا، میپکو، این ایچ اے اور موٹروے کے افسران نے شرکت کی۔