قصور,5ستمبر(اے پی پی): سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس قصور میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، نئی ترقیاتی سکیموں، فنڈز کی دستیابی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کی مدت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے تمام متعلقہ افسران کو زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، عوامی سہولیات میں بہتری اور حلقے کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔
ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ متعلقہ افسران ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا، ملک اعجاز احمد خاں، ملک ریاض احمد خاں، تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ایکسیئن بلڈنگ، پبلک ہیلتھ، ہائی وے، سی ای او ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











