فیصل آباد، 25ستمبر(اے پی پی):کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ قرآنی خطاطی امت مسلمہ کا قابل قدرورثہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف خطاط حضرات کو اپنے فن کے اظہار اور روحانی تسکین کے مواقع حاصل ہوتے ہیں بلکہ قرآن پاک کی عظمت کو بھی اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے یہ بات ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد ڈویژن کے زیراہتمام خطاط حضرات کے تیار کردہ فن پارے دیکھتے ہوئے کہی۔کمشنر نے ملک بھر سے آئے ہوئے خطاط حضرات کے ہاتھ سے تیار کردہ فن پارے دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینہ میں اس نمائش کی شان میں مزیداضافہ ہوجاتا ہے جسے تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نمائش کی بدولت ابھرتے ہوئے خطاط کی حوصلہ افزائی کے علاوہ انہیں اپنے سینئرز کے کام کو دیکھ کر مزیدسیکھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طالب علموں کو بھی دورہ کرایا جائے اور انہیں قرآنی خطاطی سے روشناس کرائیں۔انہوں نے خطاطوں کے خوبصورت اندازاور رنگوں سے قرآنی الفاظ کو اجاگر کرنے کے فن کو بے حدداددی۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے بتایا کہ مختلف رسم الخط اوررنگوں سے قرآنی خطاطی کے نمونے اس فن کی ترویج وترقی کا ذریعہ ہیں جس میں خطاط بڑی دلچسپی سے حصہ لیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خطاطی کے فن پارے 6اکتوبر تک آویزاں رہیں گے۔











