گوجرانوالہ؛ بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ، مزید36 بجلی چور پکڑے گئے

14

 

گوجرانوالہ،25ستمبر(اے پی پی): بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف بھرپور آپریشن  جاری  ہے ، ریجن بھر میں پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی کل تعداد 973 ہو گئی ہے ۔ آج کی کارروائی میں مزید36 بجلی چور پکڑے گئے، ساڑھے 18 لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے گئے ، 7ستمبر سے لیکر اب تک گیپکو سرویلنس ٹیموں کے چھاپوں کے نتیجہ میں ریجن کے 973 بجلی چوروں کو ساڑھے 8 کروڑ کے جرمانے بھی کئے گئے،45 زمیندار،8انڈسٹریل، 33کمرشل اور 887 گھریلو صارفین ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے قابو آ گئے، تمام کے کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آرز درج کروا دی  گئی ہیں ۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو گیپکو  نے کہا کہ بجلی چور اور بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والے دونوں ہی ملکی معیشت کیلئے دیمک کی طرح ہیں، ان دونوں کا بوجھ بھی دوسرے صارفین کو اُٹھانا پڑتا ہے،ان کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں۔