ڈیرہ غازی خان، 27 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ 12ربیع الاول پر قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور تمام علمائے کرام ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے آگے آئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں 12ربیع الاول کو جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے انتظامات اور قیام امن بارے امور پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ وجہ تخلیق کائنات ہیں،آپؐ کی سیرت پر عمل کرکے ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جشن عید میلاد النبیؐ پر مشاورت سے بہترین اقدامات کو یقینی بنارہی ہے اورجلوس کے راستوں کی صفائی،چھڑکاؤ،سکیورٹی اور لائٹنگ کو بھی یقینی بنایا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے الرٹ ہیں،افسران جلوس روٹس کا باقاعدگی سے وزٹ کررہے ہیں اور کہا کہ 29ستمبر کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی اور ہم ممبران کمیٹی سے مکمل رابطے میں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کو تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے قیام امن کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر قیام امن،ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی گئی۔اجلاس میں اے ڈی سی محمد اسدچانڈیہ،پی اے مشتاق احمد ٹوانہ،اے سی عثمان غنی،صدر میلاد کمیٹی انور حسن قریشی سمیت تمام مسالک کے علمائے کرام و نمائندوں نے شرکت کی۔











