لاہور، 27 ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر بارہ ربیع الاول کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیرِ صدارت اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات عامر میر، وزیر تعلیم منصور قادر، وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ)میاں شکیل، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور سیکرٹری اطلاعات علی نواز ملک نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارہ ربیع الاول کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر امسال بارہ ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام کمشنرز کو بارہ ربیع الاول کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام سرکاری عمارات، اہم شاہراہوں اور چوراہوں کو حسب روایت برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔اس حوالے سے نہر کے اطراف میں لائٹنگ، فوارے اور پانی میں تیرتے فلوٹس لگائے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
وزیر اوقاف نے بتایا کہ بارہ ربیع الاول کے حوالے سے سالانہ انٹرنیشنل سیرت کانفرنس 11 ربیع الاول کو منعقد کی جائے گی جبکہ بارہ ربیع الاول بروز جمعہ داتا دربار میں عظیم الشان انٹرنیشنل محفل قرات و نعت کا انعقاد ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر صوبائی دارالحکومت سمیت تمام شہروں میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ربیع الاول کی تقریبات میں مذہبی تقدس اور بین المسالک ہم آہنگی کے تمام پہلوؤں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ کمیٹی اس ضمن میں اپنی سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔











