وزیر اعلی پنجاب نے مال روڈ کو ڈسٹ فری مال روڈ  بنا نے کی منظوری دے دی

23

لاہور،28ستمبر  (اے پی پی):لاہور کی مرکزی شاہراہ قائد اعظم (مال روڈ) کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنایاجائے گا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے مال روڈ کو گرد سے پاک ماڈل روڈ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

جمعرات کووزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری وزیراعلی،ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی پی ایچ اے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مال روڈ کے اطراف اور گرین بیلٹ میں معیاری گھاس لگائی جائے گی، درختوں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کے لئے نئے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ تاجروں کی مشاورت سے مال روڈ پر یکساں اور خوبصورت سائن بورڈ لگائے جائیں گے،مال روڈ سے تجاوزات کاخاتمہ کیاجائے گا او رپارکنگ کے نظام کو بہترین بنایا جائے گا،مال روڈ پر صفائی کے انتظامات دنیا کے بہترین شہروں کے معیار کے مطابق ہوں گے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے مال روڈ کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنانے کے حوالے سے چند روز میں حتمی پلان طلب کر لیاہے۔