گوجرانوالہ؛ بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری،55 مزید پکڑ لیے گئے

10

گوجرانوالہ ،29 ستمبر (اے پی پی): وزارتِ توانائی کی ہدایت پر گیپکو کا ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف گرینڈ آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے، مزید 55 بجلی چور  پکڑ لیے گئے ہیں، پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی کل تعداد1195 ہو گئی۔

 7ستمبر سے لیکر اب تک گیپکو سرویلنس ٹیموں کے چھاپوں کے نتیجہ میں پکڑے جانے والے بجلی چوروں کو10کروڑ82لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے، عید میلاد النبیﷺ پر گھر  میں ڈائریکٹ کنڈے لگا کر لائٹیں اور قمقمے  چلانے والوں کو بھی گیپکو  ٹیموں نے پکڑ لیا اوران پر ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

اس حوالے سے  گیپکو چیف کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے عید میلاد النبیﷺ کے روز بھی گیپکو ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں گی اور بجلی چوری میں ملوث تمام کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آرز درج کروائی جائیں گئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چور اور نادہندگان دونوں ہی ملکی معیشت کی بربادی کے زمہ دار ہیں، ان کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں۔

چیف گیپکو نے کہا کہ شہری ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں۔