پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا جانا ایک بہت ہی مثبت اقدام ہے؛مرزا برحان بیگ

18

ملتان 02 اکتوبر (اے پی پی ): کر کٹ ورلڈ کپ 2023 کے قریب آتے ہی کرکٹ کے شوقین افراد میں جوش وخروش بڑھ رہ ہے ۔ ملتان میں کھیلوں کے دوکاندار مرزا برحان بیگ  نے کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے اے پی پی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا جانا ایک بہت ہی مثبت اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا سے ہماری رنجش اپنی جگہ لیکن کرکٹ ایک کھیل ہے  اور سپورٹس مین شپ ہونے کے ناطے ہمارے اندر یہ کوالٹی ہونی چاہیے کہ ہم پاکستان اور انڈیا کے میچ کیلئے اپنے سارے کام چھوڑ کر اس کودیکھیں اور اس سے لطف اندوز ہوں۔

برحان بیگ نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے کیلئے پاکستان کو انڈیا اور انڈیا کو پاکستان آنا چاہیے اور آئی سی سی کو ایسی سریز کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے نوجوان کرکٹر سید عبداللہ شاہ نے  کہا کہ  میں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو بہت اوپر دیکھتا ہوں کیونکہ پاکستانی ٹیم آئی سی سی ریکنگ میں نمبر ون ٹیم ہے۔انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نا ہونے پر افسوس ہے لیکن ہمیں لگتا ہے کہ باقی کھلاڑی بہت اچھا کھیلیں گے، ان جگہ حسن علی آئے ہیں وہ بہت اچھا کھیلیں گے۔

سید عبداللہ شاہ نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ پوری دنیا میں بہت بڑا میچ سمجھا جاتا ہے، اس میچ کو ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلے گی اور جیتے گی بلکہ ورلڈ کپ بھی جیتے گی اور ورلڈ کپ لے کر پاکستان لوٹے گی۔