ملتان،03 اکتوبر(اے پی پی ):شہر اولیاء کے باسیوں کیلئے حکومت پنجاب نے ایک اور تحفہ دیدیا،3 ارب روپے زائد کی لاگت سے کارڈیالوجی ہسپتال توسیعی بلاک کی تکمیل کا سنگ میل عبور کرلیا گیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے محکمہ بلڈنگ اور متعلقہ افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ33 کمرے او پی ڈی فنکشنل کرکے کارڈیالوجی ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کی جاچکی ہے،208 بیڈز کے وارڈز سمیت پورا توسیعی بلاک مکمل تعمیر کیا جاچکا ہے۔3 بیسمنٹ،گراؤنڈ فلور، 3 فلوز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر سے 208 بیڈز کا اضافہ ہوا ہے۔ کارڈیالوجی ہسپتال میں 20 کروڑ کی لاگت سے 4 منزلہ سرائے تعمیر کیا جارہا ہے۔ 250 بیڈز پر مشتمل سرائے کا پی سی ون حکومت پنجاب نے منظور کرلیا ہے۔
کمشنر عامر خٹک نے کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ کیا۔انہوں نے کارڈیالوجی بلاک میں مریضوں کو ادویات کی دستیابی چیک کی اور مریضوں سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات بارے استفسار کیا ۔
ایکسئن بلڈنگ حیدر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 19 اکتوبر کو سرائے کے ٹینڈرز اوپن کئے جائیں گے۔کارڈیالوجی توسیعی بلاک میں پیرامیڈکل سٹاف کی رہائشگاہیں رواں سال کے اخر تک مکمل کرلی جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ر رضوان قدیر ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔











