پشاور،04اکتوبر(اے پی پی): تھانہ ایکسائز مردان ریجن نے کروڑوں روپے کی قیمتی نواردات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایکسائز کے مطابق ایپکس کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں اداروں کا باہمی تعاون جاری ہے اور ہر قسم سمگلنگ کے خلاف ادارے متحرک ہیں۔ترجمان کے مطابق تھانہ ایکسائز مردان ریجن نے اہم کارروائی کے دوران کروڑوں روپے کی قیمتی نوادرات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، کارروائی کے دوران ایک موٹر کار سے مہاتما بدھ کے 14 عدد تراشے ہوئے سر برآمد کرلئے گئے ہیں جن کو محکمہ آرکیالوجی مردان میوزیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران 2 ملزمان ڈرائیور قیوم ولد مراد علی سکنہ منگاہ اور وزید محمد ولد شہزادہ سکنہ چارسدہ موقع پر گرفتار کر لئے گئے۔ ملزمان کے خلاف اینٹیک ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا،ڈائریکٹر محکمہ آرکیالوجی نے محکمہ ایکسائز پولیس کی کارروائی کو سراہا ہے۔











