لاہور، 04 اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے سینیٹ میں قائد ایوان اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی معیشت اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے اسحاق ڈار کی بحیثیت سابق وفاقی وزیر خزانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ، اسحاق ڈار نے ہر مشکل وقت میں ملک کی معیشت کو سنبھالا اور صحیح ڈگر پر ڈالا ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اسحاق ڈار نے 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود ملک کی معیشت کو گرداب سے نکالا۔ بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ ماضی قریب میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اسحاق ڈار کی محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم کے ساتھ کوششیں کامیاب رہیں۔ انھوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ محمد نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے، ان کے ادوار میں ملک نے بے پناہ ترقی کی اور ملک میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مثالی ترقی ہوئی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں موٹر ویز ،ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنیں۔ گورنر اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی قریب میں اتحادی حکومت کی ان تھک کوششوں کی وجہ ملک کو دیوالیہ کرنے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا۔
اتحادی حکومت کے دور رس اقدامات کی وجہ سے آج ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف انشاء اللہ 21 اکتوبر کو پاکستان آ رہے ہیں۔ محمد نواز شریف نے پہلے بھی ملک کو بحران سے نکالنے میں موثر کردار اداکیا ہے، آئندہ بھی ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔











