ٹنڈو محمد خان،5 اکتوبر( اے پی پی): ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رضا دھاریجو نے کہا کہ آئی جی سندھ کی ہدایت پر منشیات کے سو فیصد خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، کوئی چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نا ہو ممنوعہ اشیاءکی فروخت و سماجی برائیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، میڈیا ممنوعہ اشیاءسمیت جرائم پر کنٹرول میں مدد کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان کی تحصیل بلڑی شاہ کریم پولیس اسٹیشن کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رضا دھاریجو کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے، ہمارا عزم ہے کہ سندھ کے تمام اضلاع سے منشیات و جرائم کا سو فیصد خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا اگر پولیس اپنا قبلہ درست کرلے تو جرائم و منشیات پر سو فیصد کنٹرول پایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی آفیسر یا پولیس اہلکار نے جرائم و منشیات فروشوں کی مدد کی تو اسے اپنی نوکری سے ہاتھ دھونے کے ساتھ قانون کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
ضلع میں پولیس نفری کی کمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پولیس نفری کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، بہت جلد پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے گا، ناکارہ پولیس موبائلز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جن اضلاع میں پولیس موبائلز کی کمی ہے ان اضلاع میں نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جبکہ ناکارہ گاڑیوں کو استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔
انہوں نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جرائم و منشیات کے خاتمے کیلئے میڈیا پولیس سے تعاون کرے، میڈیا کی نشاندہی پر بھرپور کارروائی کی جائے گی ،انہوں نے منشیات فروشوں سمیت جرائم پر قابو پانے کے لئے پولیس افسران و جوانوں کی تعریف کی، اس موقع پر ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان سید سلیم شاہ ،سمیت تمام پولیس اسٹیشنز کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز موجود تھے۔











