بھکر؛ “صحت سہولت پروگرام ” کے تحت عوام کو بھرپور ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں،ڈپٹی کمشنر

22

بھکر،6اکتوبر( اے پی پی): حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق“صحت سہولت پروگرام ” کے تحت عوام الناس کو بھرپور ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں ،اس سلسلہ میں پروگرام کے معاون ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات بھی لائق تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے صحت سہولت پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے چیکس تقسیم کرنے کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے ہسپتالوں میں ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراءکیا جاچکا ہے اس سلسلہ میں ہسپتالوں میں مفت علاج معالجہ کی سہولیات سے استفادہ کرنے کیلئے مریض خاندان کے سربراہ کا شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لازمی لائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس اپنے خاندان کے تمام افراد کو نادرا کے ذریعے رجسٹر کروائیں شادی شدہ افراد اپنی زوجہ و اولاد کا اندراج درست کرائیں جبکہ نابالغ بچوں کے ب فارم ضرور ہمراہ لائیں تاکہ حکومت پنجاب کے صحت سہولت پروگرام سے بھرپور مستفید کیا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے پروگرام میں معاونت فراہم کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھرپور محنت و لگن سے کام جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ریلیف کی دستیاب یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے پروگرام میں حصہ لینے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں چیکس بھی تقسیم کئے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ہسپتال میں موجود مریضوں کے عزیز و اقارب سے گفتگو کی اور ہسپتال کی سروس ڈلیوری بارے ان سے دریافت کیا۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان،ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف محمود قاضی سمیت ڈاکٹر حضرات اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔