آئی جی پی، کے پی اختر حیات خان کا تھانہ صدر مردان میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح

38

مردان، 6اکتوبر(اے پی پی): آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے مردان کا مختصر دورہ کیا جہاں تھانہ صدر مردان میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح کیا۔سنٹر میں دو سو کیمروں کی مدد سے شہر بھر کی نگرانی کی جائے گی۔

 آئی جی پولیس اختر حیات خان نے پولیس کے ساز و سامان کی تقسیم اور اس کو محفوظ بنانے کے لئے نئے کمپیوٹرائزڈ ریسورس منیجمنٹ سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔انہوں نے شہر میں اربن پولیسنگ کے لیے 50 موٹر سائیکل سوار ابابیل فورس کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پرانسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا احتر حیات خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے جرائم پر قابو پانے اور ملزمان کی فوری شناخت میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر خیبرپختونخوا پولیس کا اپنا منصوبہ ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ڈی آئی خان، ہری پور، کوہاٹ اور نوشہرہ میں بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا احتر حیات خان نے کہا کہ مردان شہر میں 34 مصروف ترین چوراہوں پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دوسرے بڑے شہر مردان میں اربن پولیسنگ کا نظام ضروری ہے، ابابیل فورس مردان شہر سمیت تخت بائی، شہباز گڑھی اور شیر گڑھ بازار کو بھی کور کرے گی۔

 دورے کے دوران آئی جی خیبرپختونخوا نے مردان میں نئے قائم شدہ سٹی ڈویژن کے ایس پی آفس کا افتتاح بھی کیا۔