لاہور؛وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا رات گئے جنرل ہسپتال کا دورہ،علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا

24

لاہور، 7 اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی، دیگر وارڈز اور ایکسرے روم کا معائنہ کیا۔انہوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی سہولتوں اور مفت ادویات کے بارے دریافت کیا،بعض مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹرز کی جانب سے چیک اپ میں تاخیر کے بارے میں شکایات کیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی شکایات کے فی الفور ازالے اور بروقت چیک اپ کا حکم دیا۔انہوں نے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے مصافحہ کیا اور دکھی انسانیت کی خدمت پر شاباش دی۔