سکھر۔10اکتوبر(اے پی پی): قدرتی آفات سے بچاؤ و آگاہی کے عالمی و قومی دن کے حوالے سے سول ڈیفنس کے زیر اہتمام فرسٹ ایڈ،فائیر فائٹنگ اور ریسکیو ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد ایس ایم اے ہائی اسکول بندر روڈ میں کیا گیا۔
سول ڈیفنس کے ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان نے 200 طلباءو طالبات کو سول ڈیفنس کی بنیادی تربیت دی۔تقریب کے مھمانان گرامی میں امیر الدین عباسی ایڈیشنل کنٹرولر سول ڈیفنس ،ایس ایم اے ہائی اسکول کے چیئرمین حاجی اشرف آدم نورانی،وائیس چیئرمین محمد سلیمان میمن،پرنسپل میڈم ریحانہ کوثر،سول ڈیفنس پوسٹ وارڈنز محمد احمد شیخ،حاجی محمد ریاض کھوکھر تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سعید اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس اس وقت مخلوق خدا کی خدمت کا منظم و متحرک ادارہ ہے۔انسان ہی انسان کی دوا ہے۔دوسروں کے کام آنے والوں کی زندگی امر ہوجاتی ہے۔سول ڈیفنس کا مشن غریب اور امیر کے فرق کے بغیر خدمت ہے۔ خدمت خلق کا جذبہ بڑا عظیم جذبہ ہے۔محبت اور خدمت سے ہی دکھی انسانیت میں تبدیلی آسکتی ہے۔تمام اداروں کو چاہیئے کہ وہ اپنے ادارے میں سول ڈیفنس کے ٹریننگ سیشن کروائیں۔تاکہ قدرتی آفات سے بچاو کے لئے اپنا بہترین کردار ادا کرسکیں۔اسکولز اور کالجز سطح پر طلباءو طالبات کی سول ڈیفنس کی تربیت لازمی کروائی جائے۔ وہی ادارے لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں جو عام لوگوں کی فلاح بہبود کےلئے شب روز کام کرتے ہیں۔سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے بغیر کسی ذاتی مفاد کے خدمت خلق میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔











