وزیرداخلہ سندھ ا، آئی جی کی اقلیتی برادری، منتخب نمائندوں،سماجی رہنماٶں،تاجر برادری اور صحافیوں سے ملاقات

20

میرپورخاص، 11 اکتوبر(اے پی پی): وزیرداخلہ سندھ برگیڈئیر (ر) حارث نواز اور آئی جی سندھ راجہ رفعت مختار کی میرپورخاص ڈویژن کے اقلیتی برادری، منتخب نمائندوں،سماجی رہنماٶں،تاجر برادری اور صحافیوں سے پولیس کمپلیکس میرپورخاص میں طویل ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے ضلع تھرپارکر کی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نمائندوں سے انکے مسائل خصوصاً خودکشیوں کے حوالے سے معلومات لیں، وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ کم عمری کی شادی، کزن میرج نہ ہونا اور کم عمری میں اولاد کی پرورش کی ذمہ داری اور معاشی تنگدستی خودکشیوں کی بنیادی وجوہات ہیں۔

 وزیر داخلہ نے اقلیتی برادری کے پڑوسی ملک چلے جانے کے عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خوشحالی کا دور شروع ہونیوالا ہے اس لیے اقلیتی برادری کے لوگ  ملک نہ چھوڑیں ، ڈی آئی جی و ایس ایس پی کی سربراہی میں اقلیتوں کے مسائل  پر کمیٹی تشکیل دے دی جائے گی اور کہاہم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں، کسی خاص قوم کا نام نہ لیا جائے، سرحد بند کرنے سے اربوں ڈالر کا تجارتی نقصان ہورہا ہے غیر قانونی تجارت کو ختم کر کے قانونی تجارت کی نئی راہیں کھولی جائیں گی۔ کچے کا آپریشن دریا میں پانی کے بہاٶ میں تیزی کے باعث رک گیا ہے جب تک ہم نے پکے کے آپریشن کو تیز کردیا ہے۔

 آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولس کے جوانوں کی تنخواہیں بھی پنجاب پولیس کے برابر کررہے ہیں۔ کراچی ٹریفک پولیس کی 2500 سے زائد اضافی نفری کو مختلف اضلاع کی پولیس میں ضم کررہے ہیں تاکہ نفری کی کمی پورا کرسکیں۔ منشیات کے اسمگلروں اور کچے کے ڈاکوؤں سمیت شہروں میں پکے کے ڈاکوٶں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے جارہے ہیں۔

 ملاقات کے بعد برگیڈئیر (ر) حارث نواز اور آئی جی سندھ راجہ رفعت مختار نے پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا ۔