کوئٹہ11اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت لوکل کونسل گرانٹ و فنانس کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں نگران وزرائ، سیکرٹری خزانہ زاہد سلیم، اسپیشل سیکریٹری اسفندیار بلوچ نے شرکت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں 907 مقامی بلدیاتی ادارے فعال ہیں جبکہ مجموعی طور پر مخصوص نشستوں سمیت 11 ہزار بلدیاتی نمائندے منتخب ہوئے ہیں تاہم کوئٹہ میں ابتک بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل نہیں ہوا سیکرٹری بلدیات نے اجلاس میں مزید بتایا کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں روزآنہ تیرہ سو ٹن کوڑا نکلتا ہے تاہم چاروں ٹاؤن زون مجموعی طور پر اس کوڑے کا نصف ٹھکانے لگانے کی استعداد کار رکھتے ہیں باقی ماندہ کوڑا اکٹھا کر کے اسے ٹھکانے لگانے کے لئے خصوصی ڈرائیو ہوتی ہے جس کے لئے درکار وسائل کے لیے محکمہ خزانہ کو سمری ارسال کی جاچکی ہے، سیکرٹری خزانہ زاہد سلیم نے اجلاس میں بتایا کہ صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی مہم کے لئے فنڈز منظور کرلئے گئے ہیں جبکہ مختلف اخراجات کے لئے محکمہ بلدیات کو لگ بھگ ڈیڑھ ارب روپے کا اجراءکیا جاررہا ہے اس کے علاوہ محکمہ بلدیات کے بڑھتے ہوئے پینشن بل کے مالی وسائل کے مستقل انتظام کے لیے خصوصی فنڈ بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کوئٹہ شہر کے چاروں زون سے کوڑا ہٹانے کے لئے خصوصی ڈرائیو شروع کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ میونسپل سروسز کو بہتر بنا کر عوام کو مسائل سے نجات دلائی جائے اور آئندہ جائزہ اجلاس میں کارکردگی اور عمل درآمد رپورٹ پیش کی جائے، نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں بلدیاتی اداروں کا کردار کلیدی ہے انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔











