ملتان، 12 اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن انجینیئر عامر خٹک نے گلی محلوں کی دوکانوں پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے سخت کارروائی کے احکامات دے دیے۔
مصنوعی مہنگائی اور اسکے سدباب بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ مہنگے داموں اشیاء ضروریہ بیچنے والے قومی مجرم ہیں، گرانفروشوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروانے کیساتھ گرفتار بھی کیا جائے،کسی گرانفروش سے ہرگز نرمی نہیں برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والے مافیا سے آہنی ہاتھ سے نمٹیں، تمام پرائس کنٹرول ہر صورت فیلڈ میں نظر آئیں اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی رپورٹ کمشنر آفس بھجوائیں۔
ڈپٹی کمشنرز نے گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری مہم پر کمشنر عامر خٹک کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں ایک روز میں 136 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 4361 انسپکشن کئے۔3ایف آی آر درج،12 افراد گرفتار،4 لاکھ29 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔











