ملتان، 12 اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے فصلوں کی باقیات،کوڑا جلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو نوٹس بھجوا کر سربمہر کیا جائے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف محکمہ ٹرانسپورٹ،ٹریفک پولیس ملکر کارروائی کرے۔
یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں انسداد سموگ مہم بھرپور طریقے سے چلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل،ضلعی سموگ کمیٹیوں کو بھرپور کردار ادا کریں۔ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔محکمہ ماحولیات تعمیر نامے میں رپورٹ سے پہلے مکمل چھان بین کرے۔انہوں نے موٹر وے، ہائی ویز کے گرد فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف کارروائی کا بھی حکم دیا۔
ڈی او ماحولیات مہر شمشاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں ایک روز میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے9 یونٹس کی انسپکشن کی گئ۔ 3نوٹس، 2 ایف آئی آر درج ،2یونٹس سربمہر کئے گئے۔ 46خشت بھٹہ جات کی انسپکشن،11سربمہر کئے گئے۔ 4ایف آئ آر درج،3 نوٹس جاری،8لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔95گاڑیوں کو چیک،24کو چالان،47ہزار سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ فصلوں کی باقیات جلانے پر 6 ایف آئی آر درج،1 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر رضوان قدیر، ایڈیشنل کمشنر عبد الجبار، ارشد گوپانگ،اور متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔











