لاہور12اکتوبر ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں 33ترجیحی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔منصوبوں میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں سپیشلائزڈ ہیلتھ کی 10،ہاؤسنگ 6، مواصلات و تعمیرات 6،اوقاف 4،پی آئی ٹی بی 3،جنگلات اور تعلیم کے محکموں کی دو دو سکیمیں شامل ہیں۔اجلاس میں سروسز، میو، گنگا رام، نشتر2ملتان کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی سکیموں اور راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں سیف سیٹیز منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے اربن ڈویلمپنٹ کے حوالے سے ماڈل تیار کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ تعمیراتی کام کو سٹینڈرڈائز کرنے کیلئے باقاعدہ ایس او پیز جاری کئے جائیں ،سڑکوں کی تعمیر کے وقت گرین بیلٹس کیلئے مناسب جگہ لازمی مختص کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے ترقیاتی سکیموں میں معیار کیساتھ ساتھ شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔ ٹائم لائنز پر ہر صورت عمل کیا جائے، تاخیر کی صورت میں متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 10سڑکوں پر ایکسل لوڈ منیجمنٹ پر عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ایکسل لوڈ قوانین پر عمل نہ ہونے سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے۔چیئرمین پی اینڈ ڈی نے اجلاس کو ترجیحی منصوبوں بارے پیش رفت سے آگاہ کیا۔خزانہ، پی اینڈ ڈی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔











