اوکاڑہ؛ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پہ یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں سیمینار کا انعقاد

14

اوکاڑہ،19اکتوبر(اے پی پی): ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے شعبہ نفسیات کی جانب سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف ماہرین نفسیات نے طلبہ کو ذہنی صحت کو اولین ترجیح بنانے اور ذہنی امراض میں مبتلا افراد کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی تلقین کی۔

 سیمینار میں شعبہ نفسیات کے طلبہ کی جانب سے معاشرے میں موجود مختلف ذہنی مسائل اور ان کے حل کو اجاگر کرنے کیلئے تھیٹر پرفارمنس، ڈاکومینٹریز اور پوسٹرز کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس موقع پہ کیمپس میں ایک ریلی بھی منعقد ہوئی،سیمینار کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے ذہنی مسائل کی اہمیت کو سمجھنے اور اس پہ بات کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذہنی صحت ہماری مجموعی تندرستی کےلیے انتہائی ضروری ہے۔ ہمیں اس کے متعلق معاشرے میں پائے جانے والے ابہامات کی بیخ کنی کرنی ہوگی۔

 شعبہ نفسیات کی سربراہ عائشہ جبار نے بتایا کہ ذہنی امراض کسی میں کوئی تفریق نہیں کرتے۔ یہ ہر عمر، رنگ اور نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کو متاثر کرتے ہیں۔ اس امرا ض پہ قابو پانے کےلیے ہمیں حکومتی اداروں سے لے کر مقامی کمیونٹی تک سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ شعبہ نفسیات کے لیکچرار عبداللہ بلوچ نے بھی معاشرے میں موجود مختلف نفسیاتی مسائل کے حوالے سے بات کی۔

سیمینار کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اوکاڑہ، ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں معاشرے کے تمام افراد اور طبقات کیلئے ذہنی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پہ زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس تک دیگر امراض کے علاج کی سہولیات موجود ہیں، اس طرح نفسیاتی امراض کے علاج کےلیے بھی تمام سہولیات فوری دستیاب ہونی چاہیے اور معاشرے کے تمام افراد کی ان تک مکمل رسائی ہونی چاہیے۔

دیگر مقررین میں معروف نیورو سائیکیاٹرسٹ، ڈاکٹر عبدالرشید، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورسے شعبہ نفسیات کے سربراہ،پروفیسر ڈاکٹر مسعود، اور مشہور کنسلٹنٹ سائیکیاٹرسٹ، ڈاکٹر شمیم الحق ، شامل تھے۔ انہوں نے بھی نفسیاتی صحت کے متعلق معاشرے کے منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرنے اور نفسیاتی مسائل میں مبتلا افراد کو علاج اور ان کی بحالی کےلیے مکمل سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پہ زور دیا۔