لاہور، 20 اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اورمراکہ کے قریب سائٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ایف ڈبلیو اوکے بریگیڈئر فخر قادری نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی کو ارتھ ورک اور سب ویز پر پیش رفت سے بریف کیا گیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔وزیر اعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ کے مکمل ہونے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ منصوبے کو اعلی معیار کے ساتھ آگے بڑھایا جارہا ہے۔ملتان روڈ کے ارد گرد تمام سرکاری ونجی ہاؤسنگ سکیموں کے رہائشی مستفید ہوں گے۔ منصوبے کی بروقت وقت تکمیل کے لئے پنجاب حکومت کی مکمل سپورٹ آپ کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ایس ایل تھری پر رات کے وقت بھی اتنا ہی کام ہورہا ہے جتنا دن میں ہوتا ہے۔ 1200سے 1400 ڈمپر سے روزانہ مٹی ڈالی جارہی ہے۔ایس ایل تھری پر اجیکٹ کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کررہے ہیں۔ انشاء اللہ یہ منصوبہ جنوری میں مکمل ہوجائے گا۔ ملتان روڈ انٹرچینج ایک بڑا پراجیکٹ ہے،25دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ نیسپاک کا م کے بہترین معیار کو یقینی بنارہی ہے۔میٹروبس اوراورنج لائن میٹروٹرین کے کرائے سالوں سے نہیں بڑھائے گئے۔پٹرول مہنگا ہوا تو ہ سمریاں آئیں کہ کرائے بڑھائے جائیں،پریشر کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے نہیں بڑھائے۔ عوام اورطلباء پر پہلے ہی دباؤ تھا ہم نے کرائے نہ بڑھانے کا سٹینڈ لیا۔لوکل بسوں کو طلباء کے سفر کو مفت کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔گوجرانوالہ اورایس ایل تھری کے گرد کمرشل ایریا کا پلان بنارہے ہیں۔اللہ کا کرم ہے کہ لاہور کی ایئر کوالٹی انڈکس رواں سال بہت بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال خراب ایئر کوالٹی میں ایک نمبر پر تھے،کل چیک کیا تو ہم 27نمبر پر ہے۔ تعمیراتی کاموں والی سائٹس پر پانی کا چھٹرکاو کیا جارہاہے تاکہ سموگ نہ بڑھے۔ کوشش ہے کہ جو پراجیکٹ شروع کیے ہیں وہ مکمل کریں۔ایس ایل تھری کے مکمل ہونے سے جنوبی پنجاب سے آنے والی ٹریفک متبادل راستہ مل جائے گا۔ صوبائی وزیر بلال افضل، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











