بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کرکے معاشرے کا مفید شہری بنائینگے ، نگران وفاقی وزیر مدد علی سندھی
کوئٹہ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے ہفتہ کو کوئٹہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا۔ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر پہنچنے پر سابقہ وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ، ایڈیشنل سیکرٹری محنت و افرادی قوت زوار علی ہزارہ،ڈائریکٹر لیبر ارشاد احمد بلوچ اور پرنسپل شعیب انور شیرازی نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا کہ نوجوان نسل کو ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ دیکر انہیں عصر حاضر کی مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پر نوٹیک اور دیگر اداروں کی معاونت سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنائینگے تاکہ مستقبل کے معمار اپنے خاندان اور معاشرے پر بوجھ بننے کے بجائے اپنے ہنر و فنی تربیت کی بنیاد پر باعزت روزی کماسکیں۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو ہنرمند بنانے کے لیے ٹی ٹی سی کوئٹہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں کیونکہ فنی مہارت اور پیشہ ورانہ تعلیم ہی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہیں۔ مدد علی سندھی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ و اسکالرشپ دینےکے ساتھ فنی تربیت دینے کے لیے تمام ٹیکنکل سینٹرز کو جدید آلات اور وسائل مہیا کیے جائینگے۔ اس موقع پر پرنسپل ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کوئٹہ شعیب انور شیرازی نے نگران وفاقی وزیرمدد علی سندھی کو ٹی ٹی سی میں ہونے والے فنی تعلیم کے کورسز، شارٹ کورسز اور ادارے کی مجموعی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا جس پر مدد علی سندھی نے اپنی وزارت اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔











