حیدر آباد،26 اکتوبر( اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہاوسنگ ٹاون پلاننگ و بحالی سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی آمدنی بڑھانے کے ساتھ ساتھ اخراجات اورآمدنی میں توازن پیداکرناہوگا تاکہ حالات کو بہتر بناکرعوام الناس کو ریلیف دیا جاسکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہبازہال شہبازبلڈنگ حیدرآباد میں لوکل گورنمنٹ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی، ٹاونز اور یوسیز تک میں گھوسٹ ملازمین موجود ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے ،اس وقت صرف حیدرآباد ہی نہیں پورے صوبے میں صورتحال یہی ہے جس کی وجہ سے تمام آمدنی اور سرکاری وسائل کا پیسہ ملازمین کی تنخواہوں میں چلاجاتا ہے۔
اجلاس میں حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے متعلق صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی اور جاری ترقیاتی کاموں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔جس پرنگران صوبائی وزیر نے مسائل کے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس میں مئیر حیدرآباد کاشف شورو، کمشنر حیدرآباد خالد حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنرطارق قریشی، میونسپل کمشنرحیدرآباد انیس دستی، ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبداللہ صدیقی ، ڈی جی ایچ ڈی اے زاہد بشیر، پی ڈی میگا پراجیکٹ عبدالغنی شیخ اور تمام اضلاع کے افسران و دیگر موجود تھے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات، ہاوسنگ ٹاون پلاننگ و بحالی سندھ محمد مبین جمانی نے شہباز ہال حیدرآباد میں” اے پی پی“ سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ گلستان سرمست کے متعلق ایچ ڈی اے سے بات ہوئی ہے، ایچ ڈی اے کو زمین کی مد میں ابھی مزید ادائیگی کرنی ہے ہم بورڈ آف ریونیو سندھ کو درخواست کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی اے کی اسکیم گلستان سرمست کے چوتھے فیز پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد اسکیم کا آغاز کیاجائیگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہمارے دو ماہ کے اندرکسی قسم کی کوئی بدعنوانی نہیں ہوئی تاہم اگر کوئی ہوئی ہے تو وہ ثبوتوں کے ساتھ پیش کی جائے کارروائی کی جائیگی ۔لہٰذا ماضی میں کیا ہوا اس پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا آصف علی زرداری سے کوئی تعلق نہیں ناہی ہم کسی سیاسی جماعت کی بی ٹیم ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جامشورو سے گڈاپ تک تجاوزات سے میرے ڈیپارٹمنٹ کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ معاملہ ریونیو ڈپارٹمنٹ کا ہے اس ضمن میں صوبائی وزیرریونیو سے بات کریں گے ۔











