بھارت جتنے بھی مظالم کرلے کشمیری عوام کو انکے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کر سکتا، گورنر خیبر پختونخوا

27

پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ بھارت جتنے بھی مظالم کرلے کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت اور حق آزادی سے دستبردار نہیں کر سکتا،کشمیری عوام کے جذبہ و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے گورنر ہاؤس پشاور تک ریلی کے دوران میڈیا سے گفتگو گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے کشمیری عوام کے حق پر ڈاکہ مارا اور اپنی فوجیں کشمیر کی سرزمین پر اتاریں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔

 یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے جدوجہد آزادی کے جذبہ و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شروع دن سے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پاکستان ہمیشہ کیطرح ہر محاذ پر کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا،کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، بھارت جتنے بھی مظالم کر لے لیکن کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت اور حق آزادی سے دستبردار نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا، اقوام متحدہ کشمیری عوام پر کئی دہائیوں سے جاری مظالم بند کروائے، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم خطہ کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے شرمناک و ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو متزلزل نہیں کر سکتے، انشااللہ وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیری عوام اپنا حق خودارادیت حاصل کر کے بھارتی غاضبانہ قبضہ سے نجات حاصل کر لیں گے۔