صحبت پور،27 اکتوبر( اے پی پی ): کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی طرح صحبت پور میں بھی “یوم سیاہ “منایا گیا ، اس حوالے سے شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر صحبت پورمیران بلوچ اورضلع کے تمام افسران کررہے تھے، ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر صحبت پورمصوراحمداچکزئی ، اسسٹنٹ کمشنرمانجھی پورعبدالباسط بوزدار، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجرپی پی ایچ آئی شاہجہان مینگل ،ہیڈماسٹرگورنمنٹ بوائزہائی سکول آدم پورحافظ محمدعمران گولہ سمیت انتظامیہ کے افسران ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اہلیان صحبت پور نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے ،شہر کی فضاء بھارت مخالف اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صحبت پور نے کہا کہ یہ دن بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے بدترین ظلم و ستم کو بے نقاب کرنے کے لیے بھی منایا جارہا ہے ، کشمیریوں پر مظالم کے خلاف عالمی برداری خاموش ہے ،مظلوم و محکوم کشمیریوں کے لئے پوری دنیا کو اٹھ کھڑا ہونا ہے ، کشمیر سے متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ، آج کے دن ہمیں اہلِ کشمیر کو ٹھوس پیغام بھجوانا ہے کہ بحیثیت قوم پاکستانی پوری قوت سے ان کی پشت پر ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر صحبت پور میران بلوچ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ اور انکی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں ۔











