شیخو پورہ؛ کشمیری عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سیمینار و ریلی کا انعقاد

23

شیخو پورہ،27  اکتوبر (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منایا گیا۔اس  سلسلے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جارحیت کے خلاف اور کشمیر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ضلع کونسل ہال میں سیمینار کا انعقاد ہوا،سیمینار میں مختلف سکول کے بچوں نے کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملی نغمے ، تقاریر اور خاکے پیش کئے ۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم سیاہ کے سلسلہ میں ریلی کا  بھی انعقاد بھی کیا گیا۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے کی۔ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر چھتری چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔ریلی کے شرکاء کی جانب سے بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔شرکاء نے ہم لے کے رہیں گے آزادی ، کشمیر بنے گا پاکستان  کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے بتایا کہ ریلی اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہندوستان کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا فوری حل نا گزیر ہے۔ اب وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھائیوں کو بھارتی بربریت سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو کسی صورت بھارتی مظالم کے آگے تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیر کی آزادی تک ان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جبکہ  کشمیریوں کو بنیادی انسانی حق سے محروم رکھنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی جہد آزادی ایک لازوال داستان ہے، کشمیر کی آزادی کے لئے اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروائے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کشمیر میں آزادی سورج ضرور طلوع ہوگا۔

ریلی کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی۔