اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے غزہ میں “انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی”کی قرارداد منظور کر لی

40

اقوام متحدہ،28اکتوبر(اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعہ کو بھاری   اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں غزہ میں فوری اور پائیدار “انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی”کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قرارداد اردن نے پاکستان کے تعاون سے پیش کی تھی۔193 رکنی اسمبلی میں قرارداد کے حق میں 120 اور مخالفت میں 14 ووٹ پڑے جبکہ 45 نے غیر حاضری دی۔

قرارداد کے حق میں ووٹنگ سے قبل، اسمبلی نے کینیڈا کی ایک ترمیم کو مسترد کر دیا جس میں اسرائیل کے سرحدی شہروں کے خلاف حملوں کے لیے حماس کا نام لے کر مذمت کی گئی تھی جس میں بہت سے اسرائیلی ہلاک اور تقریباً 200 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ کینیڈین ترمیم کے حق میں  88 جبکہ مخالفت میں 55 ووٹ پڑے جبکہ 23 غیر حاضر رہے۔ ترمیم منظور کرنے کے لیے درکار دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

ترمیم کی مخالفت کی قیادت پاکستانی سفیر منیر اکرم نے کی جنہوں نے ایک پرجوش تقریر میں کہا کہ یہ یک طرفہ ہے کیونکہ اردنی قرارداد میں خاص طور پر قابض طاقت اسرائیل کا نام نہیں لیا گیا ہے، اسرائیل کی مذمت کے ساتھ حماس کا نام لینے کا بھی کوئی جواز نہیں تھا۔

سفیر اکرم نے فلسطینی عوام کے حقوق کی بھرپور وکالت کی اور کہا کہ وہ بھی انسان ہیں، وہ بھی پچھلے 50 سال سے قبضے سے دوچار ہیں۔قرارداد میں دیگر عناصر کے علاوہ تمام فریقین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں اور غزہ کی پٹی میں مسلسل اور بلا روک ٹوک امداد کریں۔