گوجرانوالہ،28اکتوبر(اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر عام آدمی کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے سبزی و پھل منڈی کا دورہ کیا۔انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا اور مارکیٹ کمیٹی کو مقررہ قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی حکام اور ضلعی انتظامیہ کے افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی منڈی کے دوروں کے دوران سپلائی اور ڈیمانڈ پر کڑی نظر رکھیں، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام یقینی بنائیں،نگران حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد فیاض احمد موہل کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سبزی و پھل منڈیوں کے باقاعدگی سے دورے کریں تاکہ عام آدمی کو مہنگائی سے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد اشیاء سبزیوں ، پھلوں اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی ہونے کے بعد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رہنے کے ساتھ ساتھ شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنی شکایات “قیمت ایپ پنجاب” پر درج کروائیں یا کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کریں، صارفین کو مجسٹریٹس کی طرف سے فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو عوام کے استحصال کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور ضلع میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔
اسسٹنٹ کمشنرز اور مارکیٹ کمیٹی حکام سبزی وپھل منڈی میں بولی کے عمل کی کڑی نگرانی کریں اور درست قیمتوں کے تعین کو یقینی بنائیں۔
دورہ کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مطاہر آمین وٹو، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) میاں توصیف احمد ، ای اے ڈی اے محمد عمران اور مارکیٹ کمیٹی حکام بھی ہمراہ تھے۔











