ملتان؛ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے 10 سے زائد بھٹے سربمہر

46

ملتان، 30اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سموگ کے تدارک کیلئے بھٹوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے ،اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز نے محکمہ ماحولیات کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے 10 سے زائد بھٹوں کو سربمہر کردیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جلالپور پیر والہ موٹر وے اور تحصیل صدر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے بھٹوں کی انسپکشن کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات اور انتظامی افسران کو موقع پر طلب کرلیا اور اپنی نگرانی میں کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کو سربمہر کرایا ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے واضح کیا کہ ماحولیاتی الودگی کا باعث بننے والے بھٹوں کو کسی صورت چلنے نہیں دینگے۔مسلسل خلاف ورزی پر بھٹوں میں پانی ڈال دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سموگ کے تدارک کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جارہا ہے جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جارہے ہیں۔