چنیوٹ؛یوم شہادت کانسٹیبل گہلا خان کے موقع پرڈی پی اوو دیگر پولیس افسران کی شہید کی قبر پر حاضری

102

چنیوٹ ،2 نومبر( اے پی پی ): چنیوٹ پولیس کے کانسٹیبل گہلا خان کے یوم شہادت کے موقع پر شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ڈی پی او عبداللہ احمدودیگر پولیس افسران نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی،ڈی پی او عبداللہ احمد نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی،پتیاں نچھاور کیں،شہید کانسٹیبل گہلا خان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

ڈی پی او عبداللہ احمد شہید کانسٹیبل کے گھر گئے،شہید کی بیوہ،بچوں سے ملاقات کی،خیریت دریافت کی،شہید کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا،تحائف دیے۔شہیدکانسٹیبل گہلا خان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیاگیا،ڈی پی او نے دعائیہ تقریب میں شرکت کی،شہید کانسٹیبل گہلا خان تھانہ چناب نگر کے علاقہ میں گشت کے دوران نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہادت کے مرتبے پر فائض ہوئے۔

ڈی پی او عبداللہ احمد نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارا فخر،ہمارے ماتھے کا جھومر،ہمارے محسن ہیں،شہداء کی فیملیز کادکھ سکھ ہمارا دکھ سکھ ہے،شہید کانسٹیبل گہلا خان کے بیٹے کو فیملی کلیم پر محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی کرلیاگیاہے،شہید کی فیملی کو پلاٹ دے دیا گیاہے،فیملی کا ہرطرح سے خیال رکھا جارہاہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی قیادت میں شہدائے پولیس کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات جاری ہیں۔