مری ،2 نومبر( اے پی پی ): تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری میں ڈسپنسر ز کیلئے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈاکٹر عبدالسلام عباسی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی ۔
گزشتہ روز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری میں دو سال کا ڈسپنسر کورس مکمل کرنے والے ڈسپنسرز کے اعزاز میں ہسپتال انتظامیہ نے ظہرانہ کا اہتمام کیا جس کے مہمان خصوصی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی تھے جبکہ تقریب میں ڈاکٹر حیدر ، ڈاکٹر وقاص خان، ایڈمن آفیسر ثنا اعجاز ، مدثر عباسی اور سٹاف سپروائزر عدنان عباسی نے بھی شرکت کی۔
رخصت ہونے والے ڈسپنسرز سے خطاب کے دوران ڈاکٹر عبدالسلام عباسی نے جانے والے ڈسپنسرز کی کھل کر تعریف کی اور انھیں ہدایت کی کہ زندگی میں ہمیشہ مثبت سوچ اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیں۔ ہسپتال میں ڈسپنسر کورس مکمل کرنے والے ڈسپنسرز نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔











