فیصل آباد ،03 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے تاہم معیشت کی بحالی کیلئے کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونے چاہیں اور یہ ہر فرد کی انفرادی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ معیشت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا اورمایوسی کی نوید سنانے والوں کو ناکامی سے ہمکنار کرے کیونکہ مایوسی کو اللہ تعالیٰ نے بھی گناہ قرار دیا ہے۔
وہ جمعہ کی رات سائٹ آفس لائل پور گیلریا تھری کینال روڈ ایکسپریس وے نزد واپڈا سٹی فیصل آباد کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں چیئرمین پریمیئر گروپ سہیل خٹک،ایم ڈی سٹار مارکیٹنگ اخلاق احمد اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل خٹک سے ان کا پرانا تعلق ہے اسلئے وہ ان کی دعوت پر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر مایوسی کو مٹا کرمعیشت کی ترقی کو بڑھانا ہوگا تاکہ مایوسی پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن اللہ اور اس کے رسولؐ سے ہماراجو تعلق ہے اس کی بنیاد پرکسی کو بھی اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اللہ تعالی نے اپنے بندے کیلئے اپنی رحمت کو اپنے اوپر واجب کرلیاہے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اللہ تعالی نے قرآن کریم میں دو راستے بتا دیئے اور فرمایا کہ اگر اللہ سے تعلق پیدا ہوجائے تو ان کیلئے راستے کھلتے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں کبھی دولت کے حصول کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی قرآن کریم میں کسی جگہ ارشاد ہے کہ تم دولت اکٹھی کروبلکہ ہمیں یہی تعلیمات دی گئیں کہ دولت کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل خٹک صرف اپنے لئے کام نہیں کر رہے بلکہ وہ ہزاروں لوگوں کے روز گار کا وسیلہ ہیں اورجو لوگ معیشت کو آگے بڑھاتے ہیں وہی ملک و قوم کے حقیقی خیر خواہ ہیں۔
انیق احمد نے کہا کہ قرآن میں ہے کہ یہ مال اور اولاد تمہارے لئے آزمائش ہیں لہٰذا اس آزمائش کو اپنے گلے کا طوق نہ بننے دینا۔انہوں نے کہا کہ جب قومیں منظم اور اہداف کلیئر ہوں تو اللہ پر توکل کرکے وہ کام کر گزرنا چاہیے جس میں سب کی بہتری اور ملک و قوم کی فلاح ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ مایوسی کی باتیں کرنیوالے ملک کی ترقی نہیں چاہتے اسی لئے وہ پاکستان کے معاشی حالات دگرگوں ہونے کا بے بنیاد پراپیگنڈہ کررہے ہیں اسلئے ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کے ان دشمنوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جب مایوسی کے بت ہٹ جائیں گے تو بے یقینی کی کیفیت خود بخود ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست خداداد میں بیشمار ایسے لوگ موجود ہیں جو قوم کی خوشحالی اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بندہ اللہ سے تعلق اور نسبت پیدا کرلیتا ہے تومایوسی اس کے پاس نہیں آسکتی بلکہ اللہ اس پر اپنی رحمتیں نازل کرنا شروع کردیتا ہے لہٰذا ایک پکے سچے مسلمان کی حیثیت سے ہمیں پریشان اور غمگین نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جس کو اللہ نے جسم، علم اور طاقت دی ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سہیل خٹک جیسے لوگ معاشرے کا اثاثہ ہیں جو ہزاروں لوگوں کی روزی کے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب رئیل سٹیٹ سیکٹر فروغ پائے گا تو اس کے ساتھ بہت سے دیگر سیکٹر کا کاروبار بھی کھلے گا اور ساتھ ہی معیشت کے در بھی کھلتے چلے جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم معیشت کو اپنے اور ملک کیلئے آگے بڑھانے کے عزم کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو آگے لے کر جانے کی ذمہ داری ہر فرد پرہے اسلئے اسے اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور کاروباری لوگ پاکستان کو بے یقینی سے نکالنے میں ہماری مدد کریں کیونکہ نگران حکومت کاپاکستان کی معیشت کومضبوط بنانے کا عزم ہے اور اس ضمن میں رفتہ رفتہ نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں تاہم کچھ مسائل ضرور ہیں لیکن انہیں حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان آگے بڑھنے کیلئے بنا ہے جو انشااللہ ضرور ترقی کرے گااورمایوسی کے سائے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے۔
قبل ازیں مشہور کامیڈین نسیم وکی، قیصر پیا، شاہد خان اور چاند عرف جوگی نے خوب قہقہے بکھیرے اور اپنی شاندار پرفارمنس سے شرکا مجلس کو محظوظ کیا۔اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات، سابق ارکان اسمبلی اور رئیل سٹیٹ سیکٹر سے وابستہ افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔