اسلام آباد، 03نومبر(اے پی پی ): تین روزہ اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول کے نویں ایڈیشن کا آغاز ہو گیا ہے ۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ادبی میلے کی میزبانی کر رہا ہے، اس سال ادبی میلے کا عنوان ‘People, Planet, Possibilities ہے۔
نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کی ادبی میلے کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، میلے میں اہم موضوعات پر معروف ادبی شخصیات کے لیکچرز شامل ہیں۔ادبی مباحث، بک سٹالز اور دستاویزی فلموں کی نمائش بھی میلے میں شامل ہیں ۔
نامور برطانوی مصنفہ اور مورخ وکٹوریہ شوفیلڈ اور اردو کے ممتاز شاعر افتخار عارف کے خصوصی خطاب بھی ادبی میلے کا حصہ ہیں۔ دوسرے دن افتخار عارف کی صدارت میں مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا بڑھتا ہوا کردار، عصری ادب اور خارجہ پالیسی پر مباحثے بھی میلے کا حصہ ہیں ۔
ادبی میلے نوجوان نسل میں ادب اور کتاب بینی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،ادبی میلے میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔











